صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے صوبے بھر میں متوقع مون سون بارشوں اور آندھی کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور ریسکیو سروسز کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کا صوبے بھر میں مون سون بارشوں اور آندھی کے پیش نظر الرٹ جاری

مزید خبریں
کراچی۔ 23 جولائی (اے پی پی):صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے صوبے بھر میں متوقع مون سون بارشوں اور آندھی کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور ریسکیو سروسز کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مضبوط مون سون ہوائوں کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 25جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، جامشورو اور شہید بینظیر آباد میں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور خیرپور میں ہلکی سے معتدل بارش جبکہ لاڑکانہ، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تیز ہوائوں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر ضروری مشینری آپریشن کے لیے تیار رکھی گئی ہے، جبکہ ممکنہ اربن اور فلیش فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر نشیبی علاقوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ڈی واٹرنگ مشینری فوری طور پر متاثرہ مقامات پر منتقل کر دی جائے گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور اپنی حفاظت کے لیے سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔








