ڈی سی و ڈی پی او سرگودھا کی زیر صدارت اجلاس امن کمیٹی کا اجلاس،اربعین امام حسین کے جلوسوں بارے انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام، 28 صفر کے جلوس اور آئندہ اتوار کے عزداری جلوس کے سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

سرگودھا۔ 23 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام، 28 صفر کے جلوس اور آئندہ اتوار کے عزداری جلوس کے سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عاشورہ محرم کے موقع پر بہترین انتظامات کیے گئے تھے اسی معیار کے فول پروف سکیورٹی انتظامات چہلم اور 28 صفر کے تمام جلوسوں کے لیے بھی یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے جلوسوں کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ مقررہ روٹس، اوقات اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں تاکہ تمام مذہبی سرگرمیاں پرامن ماحول میں انجام پائیں۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے نو تعینات ڈی پی او توقیر محمد نعیم کا خیر مقدم کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہینوں کے شہر سرگودھا میں خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشاب میں تعیناتی کے دوران بھی سرگودھا کے لوگوں سے ان کا قریبی تعلق رہا جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی پولیس اور انتظامیہ کا مضبوط بازو ہے اور امن کے قیام میں اس کا کردار ہمیشہ قابل قدر رہا ہے، ہمارا مشترکہ مقصد ضلع میں امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہے، اس مقصد کے لیے تمام مکاتب فکر، علما ئے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کے ساتھ رابطے کو مزید مؤثر بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شرپسند عنصر کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی نئے جلوس یا نئے روٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ایسے اقدامات سے شرپسند عناصر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، بین المسالک ہم آہنگی، امن و استحکام اور چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام و 28 صفر کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔