پاکستان کرکٹ ٹیم مئی 2027 میں بین الاقوامی (ون ڈے) میچوں کی سیریز کیلئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی،آئی سی سی

پاکستان کرکٹ ٹیم مئی 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچوں کی سیریز کے لئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ یہ سیریز 15 سے 26 مئی تک کھیلی جائے گی

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم مئی 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچوں کی سیریز کے لئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ یہ سیریز 15 سے 26 مئی تک کھیلی جائے گی اور دونوں ٹیموں کے لئے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کی جا رہی ہے۔ترجمان آئی سی سی کے مطابق سیریز کا پہلا ون ڈے 15 مئی کو سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 19 مئی کو مانچسٹر میں ہوگا۔ تیسرا مقابلہ 21 مئی کو لیڈز، چوتھا 23 مئی کو چیسٹر لی سٹریٹ اور سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے 26 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

یہ سیریز دونوں ٹیموں کو اکتوبر میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم رینکنگ کے مطابق پاکستان اس وقت پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز عالمی کپ سے قبل فارم، کمبی نیشن اور حکمت عملی کو جانچنے کے لئےبھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں ون ڈے سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیمیں تین میچوں کی سیریز میں مدمقابل آئی تھیں۔