ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت لوہی بھیر وائلڈ لائف پارک اور جنگلات کی اراضی پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔
لوہی بھیر وائلڈ لائف پارک اور جنگلات کی اراضی پر قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 23 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت لوہی بھیر وائلڈ لائف پارک اور جنگلات کی اراضی پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، محکمہ وائلڈ لائف کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں لوہی بھیر فاریسٹ اور وائلڈ لائف پارک کی سرکاری اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز کی غیر قانونی ڈویلپمنٹ اور تجاوزات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری جنگلات کی اراضی پر قبضہ اور غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے آر ڈی اے، واسا، آئیسکو اور دیگر متعلقہ اداروں سے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فراہم کی جانے والی سہولیات، این او سیز، یوٹیلیٹی کنکشنز اور دیگر متعلقہ امور کی تفصیلی رپورٹ فوری طلب کرلیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوہی بھیر جنگلاتی اراضی پر قائم غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری آپریشن کیا جائے گا، جبکہ معاملے کی شفاف اور جامع تحقیقات کے لیے متعلقہ اعلیٰ حکام کو مراسلہ بھی لکھاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل باہمی رابطے کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی، جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔








