سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی۔23جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی، پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والےبیرونی حمایت یافتہ عناصر کے مذموم عزائم کو مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے کر ناکام بنائیں گی۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدف پر مبنی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، یہاں تک کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا پاکستان سے مکمل خاتمہ کر دیا جائے۔انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ ملک اور اس کے عوام کے لیے خطرہ بنے گا، پاکستان اسے ختم کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم رہے گا۔چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں تاہم پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے کر ناکام بنائیں گی۔

گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے باہمت، محنتی اور محب وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام دوست اور جامع حکمت عملی کے ذریعے بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی یکجہتی کے فروغ اور بلوچستان میں دیرپا امن و خوشحالی کے لیے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے قومی اتحاد، استقامت اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔نشست کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، خودمختاری اور بلوچستان کے پائیدار امن و خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔