آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں کے امیدواروں کی تفصیلات سامنے آ گئیں
آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں کے امیدواروں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

مزید خبریں
میرپور۔23جولائی (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں میرپور ڈویژن کے 14 لاکھ 1 ہزار 439 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، ضلع کوٹلی کی 6 نشستوں کے لئے 6 لاکھ 47 ہزار مرد و خواتین ووٹرز ، ضلع بھمبر کی تین نشستوں پر 3لاکھ 42 ووٹرز جبکہ ضلع میرپور کی چار نشستوں پر 4لاکھ 11 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، ضلع کوٹلی میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر، پیپلز پارٹی آزادکشمیر، استحکام پاکستان پارٹی، سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 135 امیدوار میدان میں ہیں ، اسی طرح بھمبر کی تین نشستوں پر 63 امیدوار جبکہ ضلع میرپور کی چار نشستوں کے لئے 98 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈویژن بھر میں 2554 پولنگ اسٹیشن اور 3701 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے ون ڈڈیال ون میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر چوہدری افسر شاہد اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے امیدوار سابق وزیر اظہر صادق کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے ۔
اسی طرح قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے ٹو میرپور ٹو میں پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت میں وزیرخزانہ چوہدری قاسم مجید امیدوار ہیں جبکہ ان کے مد مقابل ن لیگ کے چوہدری عظیم بخش ہیں۔ اس حلقہ سے تحریک انصاف کے سنیر نائب صدر چوہدری ظفر انور آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، حلقہ ایل اے تین میرپور تین سے موجودہ حکومت میں وزیر فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔چوہدری یاسر سلطان مرحوم صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے فرزند ہیں، اس حلقہ سے ان کے مدمقابل ن لیگ کے چوہدری محمد سعید ہیں ، اس حلقہ سے استحکام پاکستان کے راجہ تسلیم عارف اور آزاد امیدوار چوہدری معیز مجید آمنے سامنے ہیں، حلقہ ایل اے فور میرپور فور سے پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد چوہدری پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ انکے مد مقابل ن لیگ کے چوہدری رخسار احمد ہیں، ایل اے پانچ بھمبر پانچ برنالہ میں موجودہ حکومت کے وزیر کرنل( ر) وقار نور ن لیگ کے امیدوار جبکہ انکے مد مقابل پیپلز پارٹی کے سابق وزیر چوہدری پرویز اشرف میدان میں ہیں
اسی حلقہ سے استحکام پاکستان کے ملک افتخار طیب اعوان بھی امیدوار کے طور پر سامنے ہیں،حلقہ ایل اے چھ بھمبر چھ سماہنی سے ن لیگ کے چوہدری محمد رزاق،اور استحکام پاکستان کے امیدوار چوہدری علیشان سونی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔ حلقہ ایل اے 7 بھمبر سات، میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق آزاد امیدوار کے طور پر سامنے ہیں جبکہ انکے مدمقابل ن لیگ آزادکشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق میدان میں ہیں، اسی حلقہ سے استحکام پاکستان پارٹی کے پروفیسر راجہ ایاز خان امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، حلقہ ایل اے آٹھ کوٹلی ون راج محل سے ن لیگ کے ملک نواز، پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک اور استحکام پاکستان کے ذوالفقار علی میدان میں ہیں ۔حلقہ ایل اے 9 کوٹلی ٹو نکیال سے ن لیگ کے سردار عمیر نعیم، پیپلز پارٹی کے چوہدری جاوید بڈھانوی اور استحکام پاکستان پارٹی کے طاہر فرید آمنے سامنے ہیں ۔حلقہ ایل اے 10 کوٹلی تین ن لیگ کے نئے امیدوار فاتح محمود الحسن، پیپلز پارٹی کے محمد یاسین چوہدری اور استحکام پاکستان کے ملک محمد یوسف میدان میں ہیں۔حلقہ ایل اے 11 کوٹلی چار سہنسہ سے پیپلز پارٹی کے چوہدری اخلاق، ن لیگ کے محمد آصف اور استحکام پاکستان کے محمد طالب خان آمنے سامنے ہیں،
ایل 12 کوٹلی پانچ چڑھوئی سے ن لیگ کے محمد ریاست خان، پیپلز پارٹی کے محمد یاسین چوہدری، اور استحکام پاکستان پارٹی کی صبحہ صدیق میدان میں ہیں، ، اسی طرح حلقہ ایل اے 13کوٹلی 6 کھوئی رٹہ سے ن لیگ کے ایاز احمد، پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی اور استحکام پاکستان کے نثار انصر ابدالی میدان میں ہیں، ، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے مطابق پہلے مرحلہ میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار 2اگست مظفرآباد ڈویژن اور 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہونگے اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں)۔(ahr







