"واسا فیصل آباد مون سون سیزن کے دوران بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔”
ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس،مون سون انتظامات، فیلڈ سٹاف کی کارکردگی اور نکاسی آب کے اقدامات کاجائزہ لیا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 26 جولائی (اے پی پی):مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو بارش کے پانی سے درپیش مشکلات سے محفوظ رکھنے اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے واسا فیصل آباد متحرک ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے اتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود واسا ہیڈ آفس میں آپریشنز افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مون سون انتظامات، فیلڈ سٹاف کی کارکردگی اور نکاسی آب کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان واسا قدیر سکندر کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور بارش کے دوران شہر بھر میں پانی کی بروقت نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ثاقب رضا نے حالیہ بارشوں کے دوران واسا افسران اور فیلڈ سٹاف کی جانب سے بارشی پانی کے فوری اخراج کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ اور محنت آئندہ بھی برقرار رہنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، عملہ ہر وقت متحرک رہے جبکہ ڈی واٹرنگ مشینری اور دیگر ضروری آلات مکمل طور پر آپریشنل نظر آنے چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ترجمان واسا کے مطابق اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام پونڈنگ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور جہاں بھی بارشی پانی جمع ہونے کی اطلاع ملے وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے، اس لیے مون سون کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و اہلکار ذمہ داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی خدمات جاری رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے بھی حالیہ بارشوں کے دوران واسا افسران کے مسلسل فیلڈ وزٹس، عملے کی یقینی حاضری، موثر کارکردگی اور بروقت نکاسی آب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے واسا کی مجموعی ورکنگ کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔








