"ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر میں شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی۔”
سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر میں ایک ہفتے کے دوران 604 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر میں شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہےجبکہ انتظامیہ نے گزشتہ ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ بھی جاری کر دی ہے۔
اتوار کوضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جدید طرز پر قائم سٹیٹ آف دی آرٹ سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر کو شہریوں کی سہولت کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ مختلف سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 604 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، 859 ڈومیسائل اور 204 کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔اسی عرصے میں 149 برتھ سرٹیفکیٹس جبکہ 207 میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹس ( MRC) اور ڈیتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹس (ڈی آر سی) بھی جاری کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 47 شورٹی بانڈز اور دستاویزات کی تصدیق (اٹیسٹیشن) کے 156 کیسز بھی نمٹائے گئے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سرکاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ خدمات کے معیار میں مزید بہتری کے لیے سیٹیزن کمپلینٹ باکس پر موصول ہونے والی آراء پر روزانہ کی بنیاد پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کے لیے ایئرکنڈیشنڈ، آرام دہ اور وی وی آئی پی طرز کا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ریئل ٹائم اعداد و شمار کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو مزید موثر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








