"پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔”
پی ڈی ایم اے کی مون سون بارشوں کے باعث ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری

مزید خبریں
لاہور۔26جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال ہونے والی مون سون بارشوں میں اب تک 29 شہری جاں بحق جبکہ 203 زخمی ہوگئے ۔
مون سون بارشوں کے باعث 52 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ 6 مویشی ہلاک ہوئے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث اربن و فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کی فیملیز کو 10 سے 50 لاکھ تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈی سیز کو دریاوں اور ندی نالوں کے اطراف میں دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کہ موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے مخدوش و خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں،کیونکہ خستہ حال عمارتوں اور بوسیدہ مکانات کی چھتیں گرنے کے باعث سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا خیال رکھیں انہیں بجلی کی تاروں کھمبوں اور نشیبی علاقوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔احتیاطی تدابیر اختیار کر کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔








