"مون سون سیزن کے دوران ریسکیو 1122 کے افسران اور ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور بروقت امدادی کارروائیوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
مون سون سیزن کے دوران ریسکیو 1122 کے افسران اور ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں، وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 26 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کےوزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ریسکیو 1122 کے افسران اور ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں عوام کو دریاؤں، برساتی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے متعلق حفاظتی ہدایات فراہم کر رہی ہیں جبکہ مسلسل آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں میں احتیاطی شعور بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ اور ہنگو سمیت مختلف اضلاع کا دورہ کیا جہاں مستقل اور عارضی واٹر ریسکیو پوائنٹس، ریسکیو سٹیشنز، دریائی علاقوں، فلڈ رسپانس انتظامات، کنٹرول رومز اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشنل جائزے کا مقصد صرف ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنانا نہیں بلکہ قبل از وقت تیاری، خطرات میں کمی، احتیاطی اقدامات، عوامی آگاہی اور موثر حفاظتی حکمت عملی کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ صوبے کے مرکزی اضلاع کے ساتھ ساتھ دور دراز شمالی اور جنوبی اضلاع میں بھی عوام کو یکساں، بروقت اور معیاری ایمرجنسی خدمات میسر ہوں۔ اسی مقصد کے لیے ریسکیو 1122 کی استعداد، وسائل، واٹر ریسکیو صلاحیت اور بین الادارہ رابطہ مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے ریسکیو 1122 کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران تمام ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں، حساس مقامات پر نگرانی مزید مؤثر بنائیں، عوامی آگاہی مہم کو تیز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مربوط اور مؤثر رسپانس کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر دریاؤں، برساتی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کا رخ نہ کریں، بچوں کو پانی کے قریب جانے سے روکیں، سرکاری ہدایات پر عمل درآمد کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دیں۔








