"آئی جی اسلام آباد نے پبلک سروس ڈیلیوری اور جدید پولیسنگ کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں کو مؤثر، شفاف اور بروقت پولیس خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔”
آئی جی اسلام آباد کا پبلک سروس ڈیلیوری اور جدید پولیسنگ کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس کی مجموعی کارکردگی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے سے متعلق مختلف امورکا جائزہ لیا گیا، جبکہ سینئر افسران کو مقررہ ٹائم فریم کے ساتھ اہم ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سیف سٹی/ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر اور ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے شرکت کی۔اجلاس میں پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے، اسلام آباد پولیس کے ریکروٹمنٹ پراسیس میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے، جدید پولیسنگ کے فروغ اور مجموعی کارکردگی میں بہتری سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام سینئر افسران کو واضح ٹائم فریم کے ساتھ اہم ذمہ داریاں اور ٹاسکس سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے، تمام اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور ہر شعبے کی کارکردگی کو مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت خدمات کی فراہمی، میرٹ پر مبنی ریکروٹمنٹ، موثر سکیورٹی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے، جبکہ فرائض کی انجام دہی میں پیشہ ورانہ مہارت، جوابدہی اور شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔








