صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانی کی نکاسی کیلئے ایک ہزار سے زائد مشینیں اور ہزاروں واسا ورکرز فیلڈ میں متحرک

"صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے ایک ہزار سے زائد مشینیں اور ہزاروں واسا ورکرز فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔”

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارشی پانی کی نکاسی، صفائی اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے واسا سمیت متعلقہ اداروں کا فیلڈ آپریشن بھی بلا تعطل جاری ہے۔

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایات کے تحت واسا ڈسٹرکٹس میں جدید مشینری کی فراہمی سے نکاسی آب کے کام میں نمایاں تیزی آئی ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ایک ہزار سے زائد مشینوں اور ہزاروں واسا ورکرز کی مدد سے بارشی پانی کی نکاسی کا آپریشن جاری ہے، جبکہ بارش کے پانی کے جمع ہونے کی مانیٹرنگ کے لیے 300 جدید کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے کھڑے بارشی پانی کی نشاندہی کی جارہی ہے۔وزیراعلی کی زیر نگرانی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور واسا کے درمیان مثالی اشتراک کار دیکھنے میں آرہا ہے۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کے دوران انڈر پاسز میں جمع ہونے والے پانی کی نگرانی کے لیے 24 گھنٹے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام بھی فعال ہے۔وزیراعلی کی ہدایت پر واسا ڈسٹرکٹس میں فیلڈ آپریشن بلاتعطل جاری ہے اور مون سون کے دوران واسا ٹیمیں ہر لمحہ شہریوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اس دوران 400 کلومیٹر سیوریج لائن، سوا 700 کلومیٹر ڈرین اور سوا 2 لاکھ مین ہولز کی صفائی مکمل کی جاچکی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔نئے واسا ڈسٹرکٹس کو ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینیں، سیور جیٹنگ مشینیں، ویل ایکسکیویٹرز، سیوریج ڈی سلٹنگ مشینیں، واٹر بازرز اور کرینز فراہم کی گئی ہیں، جبکہ سینٹرلائزڈ ڈیش بورڈ بھی مکمل طور پر فعال ہے۔ صوبہ بھر میں قائم 134 رین گیجز کے ذریعے بارشوں کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جارہا ہے۔واسا ورکرز ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینوں اور نکاسی آب کے دیگر جدید آلات کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں۔ وزیراعلی کی ہدایت پر ہر شہر میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ بھی فعال ہے۔لاہور، اٹک، چکوال، مری، تونسہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، گوجرانوالہ اور گجرات میں واسا ٹیمیں بارشی پانی کے نکاس کے لیے متحرک ہیں، جبکہ نارووال، بھکر، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، سرگودھا، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں بھی نکاسی آب کا آپریشن جاری ہے۔ساہیوال، خوشاب، چنیوٹ، لودھراں، بہاولنگر، خانیوال، راولپنڈی، شیخوپورہ، جھنگ، پاکپتن، حافظ آباد اور رحیم یار خان میں بھی واسا ٹیمیں بارشی پانی کی نکاسی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔پنجاب کے مختلف اضلاع سے شہریوں کی جانب سے نکاسی آب کے اقدامات پر مثبت فیڈ بیک بھی سامنے آرہا ہے۔ گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور راولپنڈی کے شہریوں نے ہفتوں میں ہونے والے کام کو چند گھنٹوں میں مکمل ہوتے دیکھ کر وزیراعلی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔