"قومی مفاد سب سے مقدم ہے، موجودہ علاقائی صورتحال میں عوام اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر حکومت کے اہم فیصلوں میں بھرپور تعاون کریں۔” — گورنر سندھ
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر کی ملاقات

مزید خبریں
کراچی۔ 26 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر عوام، بالخصوص پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر، حکومت کے مشکل فیصلوں میں بھرپور ساتھ دیں کیونکہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے۔
اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ جنگی حالات کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود قومی مفاد میں گاڑیاں نقصان برداشت کرتے ہوئے بھی چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر محصولات میں ریلیف دیا جائے، جبکہ دسمبر میں ہونے والے معاہدے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مسائل سنجیدگی سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔








