"پاکستان ریلوے نے اصلاحاتی پروگرام کے تحت ٹرین سروسز کی اپ گریڈیشن اور اہم ریلوے اسٹیشنوں کی جدید خطوط پر بحالی کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”
پاکستان ریلوے نے بڑے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان ریلوے نےجاری اصلاحاتی پروگرام کے تحت مسافروں کے آرام، صفائی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹرین سروسز کی اپ گریڈیشن اور ملک بھر کے اہم ریلوے اسٹیشنوں کی جدید خطوط پر بحالی کا عمل تیز کر دیا ہے۔
وزارتِ ریلوے کے عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ گرین لائن، بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس سمیت پریمیئر ٹرینوں میں مسافروں کو بہتر سہولیات، اعلیٰ معیار کی صفائی اور جدید کیٹرنگ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کےمعیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے لاہور، راولپنڈی، ملتان،خانیوال اور کراچی کینٹ سمیت بڑے ریلوے اسٹیشنوں کی صفائی کا نظام علاقائی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سپرد کر دیا گیا ہےجبکہ دیگر ٹرینوں میں بھی صفائی اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ لاہور اور کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارمز کے درمیان آسان آمدورفت کے لیے جدید ایسکلیٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرین لائن، بزنس ایکسپریس اورراولپنڈی ریل کار کے مسافروں کو معروف سروس فراہم کنندگان اور فائیو اسٹار ہوٹلوں کے اشتراک سے مفت کھانا، ہائی ٹی، وائی فائی، بستر، منرل واٹر اور اخبارات جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے لاہور، راولپنڈی اور کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشنوں پر جدید سی آئی پی لاؤنجز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ایئرکنڈیشنڈ ویٹنگ ہالز، فیملی ویٹنگ ایریاز اورانفارمیشن ڈیسک بھی اپ گریڈ کیے گئے ہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ پبلک واش رومزکو جدید بنایا گیا ہے اور بہتر صفائی و دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے پے ٹو یوز ٹوائلٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے اہم اسٹیشنوں کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن کا پروگرام بھی شروع کیا ہےجس میں اس وقت مارگلہ، راولپنڈی اور چکلالہ ریلوے اسٹیشنوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان اسٹیشنوں کی صفائی کی ذمہ داری راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کو سونپی گئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہےجبکہ بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے منصوبوں اور نجی شعبے کی شمولیت کےامکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دیکھ بھال اور مسافروں کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صفائی، حفظانِ صحت، کیٹرنگ کےمعیار،مسافروں کی سہولیات اور مجموعی سروس ڈلیوری کویقینی بنانے کے لیے جامع معائنہ اورمانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ ریلوے افسران باقاعدگی سے معائنے کرتے ہیں اور کسی بھی خامی کی صورت میں فوری اصلاحی اقدامات کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو زائد قیمتوں سے بچانے کے لیےپاکستان ریلوے نے خوراک اور مشروبات کی قیمتیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق معیاری بنا دی ہیں۔کیٹرنگ کنٹریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ منظور شدہ نرخ نامے ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر نمایاں طور پر آویزاں کریں جبکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ چیکنگ کی جاتی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ مقررہ قیمتوں یا معیار کی خلاف ورزی کرنےوالے کنٹریکٹرز اور دکانداروں کےخلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مسافروں کی شکایات اور آراء کے اندراج کا مؤثر نظام بھی قائم کیا ہےجس کے تحت شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا کر فوری اصلاحی اقدامات کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات حکومت کے اس عزم کا مظہر ہیں کہ پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید، مؤثر اور مسافر دوست سفری نظام میں تبدیل کیا جائے








