"خیبر پختونخوا میں 24 جولائی سے جاری مون سون بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔”
صوبے میں بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے

مزید خبریں
پشاور۔ 26 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں 24 جولائی سے اب تک بارشوں اور فلش فلڈ سے گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 مرد اور 3 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 24 جولائی سے اب تک 26 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 7 گھر مکمل منہدم ہوئے۔دوسری جانب مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ بارشوں کے سپل سے اب تک یعنی 19 جولائی سے 26 جولائی تک صوبہ کے 25 اضلاع میں فلش فلڈ سے گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث مجموعی طور پر اموات کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں 13 مرد، 3 خواتین اور 16 بچے جبکہ زخمیوں میں 16مرد، 12 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 72 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 55 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ17 گھر مکمل منہدم ہوئے۔بارشوں کے باعث مجموعی طور پر مختلف قدرتی حادثات میں 46 مویشیوں کے ہلاک ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔ یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان, بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال اپر و لوئر، دیر لوئر اور اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور، کوہستان اپر، ٹانک، تور غر , کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سےاپیل کی ہے کے بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کےلیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔








