ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،4کروڑ 70لاکھ روپے کی ایکسپائر پتی برآمد ،پروڈکشن بند، جرمانہ عائد

"وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رائیونڈ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی ایکسپائر چائے کی پتی برآمد کر لی۔”

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا رائیونڈ روڈ بشیر چوک پر چھاپہ، 4کروڑ 70لاکھ روپے مالیت کی ایکسپائر پتی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان کے مطابق معروف چائے پتی تیار کرنے والی کمپنی سے 25ہزار 500کلو ایکسپائر پتی تلف کر کے قوانین کی خلاف ورزی پر پروڈکشن بند کر کے 1ملین جرمانہ عائد کیا گیا، ایکسپائر مال اور فریش سٹاک ایک ہی گودام میں رکھا پایا گیا۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہاکہ مارکیٹ سے واپس آنے والی ایکسپائر پتی کی محفوظ تلفی کا کوئی ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا، کمپنی مارکیٹ ریٹرن چائے کی تلفی سے متعلق ویڈیوز، تصاویر اور دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہی،استعمال سے قبل چائے پتی کی ٹیسٹنگ کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا،معروف کمپنی کے ناقص کوالٹی کنٹرول حالات انتہائی شرمناک ہیں،فروخت یا مشکوک سرگرمی سے قبل بروقت کارروائی کر کے پتی تلف کی۔ راجہ منصور احمد نے مزید کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے،خوراک کے معیار پر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صارفین تک معیاری خوراک کی فراہمی اولین ذمہ داری ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا پیغام واضح ہے، محفوظ خوراک پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔