"پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیل پھٹنے (گلاف) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔”
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

مزید خبریں
پشاور۔ 26 جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری گلاف الرٹ کے مطابق گرم موسمی حالات اور وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی کا امکان ہے اور گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ ہے۔چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں اور محفوظ مقامات کو تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کیا جائے، عوام دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں، سیاح اور مسافر خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کریں، تیز بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ ہے، شہری احتیاط کریں، ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں پر فوری توجہ دی جائے۔ پی ڈی ایم اے نے خطرے سے دوچار علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جائے، پی ڈی ایم اے کا 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔








