عوام نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی خدمت، ترقی اور نتائج پر یقین رکھتے ہیں، انجینئر امیر مقام

"عوام نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی خدمت، ترقیاتی کاموں اور ٹھوس نتائج پر یقین رکھتے ہیں۔” — انجینئر امیر مقام

شانگلہ۔ 26 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان تحریک انصاف کے طویل دورِ حکومت میں ناقص طرزِ حکمرانی، ترقیاتی جمود اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی سے تنگ آ چکے ہیں، عوام نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی خدمت، ترقی اور نتائج پر یقین رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الپوری اور شنگ، بشام میں شمولیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شنگ، بشام میں مرحوم منیجر علی سردار خان کے حجرہ پر منعقدہ ایک شمولیتی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران مرحوم منیجر علی سردار خان کے فرزندان اکرام اللہ خالد، اعزاز اللہ خالد اور فرہان اللہ خالد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پارٹی کیپ پہنائی، ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، ریاض خان، محمد ہمایون خان، امیر زیب خان، نوشیروان ناظم اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان تحریک انصاف کے طویل دورِ حکومت میں ناقص طرزِ حکمرانی، ترقیاتی جمود اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی سے تنگ آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اب نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی خدمت، ترقی اور نتائج پر یقین رکھتے ہیں، اسی لیے بڑی تعداد میں لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی ایک مضبوط پہچان ہیں۔ ان کی قیادت میں ملک بھر میں موٹرویز، بجلی کے منصوبے، تعلیمی و صحت کے اداروں سمیت بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے جن کے ثمرات آج بھی عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کی ترقی، معیشت کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ملک کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا اعتماد ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی نئے ساتھیوں کی توقعات پر پورا اترے گی اور انہیں کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عملی خدمت، عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی کام ہیں۔ ہماری سیاست کھوکھلے دعوؤں، جھوٹے وعدوں یا صرف نعروں کی نہیں بلکہ عملی کارکردگی اور عوامی خدمت کی سیاست ہے اور آئندہ بھی یہی روایت برقرار رکھی جائے گی۔