وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ندیم افضل چن اور سعید غنی کی مشترکہ پریس کانفرنس کو حقائق کے منافی، بے بنیاد الزامات اور سیاسی مایوسی کا مظہر قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام پر یقین رکھتی ہے، ندیم افضل چن کی جانب سے حکومتی …
قبل از وقت دھاندلی کا شور مچانا پیپلز پارٹی کی پرانی روایت ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ندیم افضل چن اور سعید غنی کی مشترکہ پریس کانفرنس کو حقائق کے منافی، بے بنیاد الزامات اور سیاسی مایوسی کا مظہر قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام پر یقین رکھتی ہے، ندیم افضل چن کی جانب سے حکومتی کارکردگی، گرین بس منصوبے، گندم، مون سون بارشوں اور دیگر معاملات پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے سوا کچھ نہیں۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاسی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لے۔انہوں نے سعید غنی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر فائرنگ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کارکن مختیار یونس کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہے اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات آئین اور قانون کے مطابق آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں ہو رہے ہیں، شکست کے خدشے کے باعث قبل از وقت دھاندلی کا شور مچانا پیپلز پارٹی کی پرانی روایت ہے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیزی سے عمل پیرا ہے، گرین بس منصوبہ شہریوں کو جدید، محفوظ، باوقار اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کر رہا ہے اور روزانہ ہزاروں افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں، ایسے منصوبوں کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سہولیات نہ ہونے کا تاثر درست نہیں، حکومت سکولوں کے انفراسٹرکچر، فرنیچر، آئی ٹی لیبز، سمارٹ کلاس رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے ندیم افضل چن کے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح زراعت نہیں اور کسانوں سے گندم خریدنے کے بجائے درآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی معاملات سے متعلق تمام فیصلے آئین، قانون اور شفافیت کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مون سون بارشوں کے دوران آدھا پنجاب ڈوب جانے کے الزام کو بھی بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات کیے اور متاثرہ علاقوں سے دو سے تین گھنٹوں کے اندر بارشی پانی نکال دیا گیا۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے معیشت کے استحکام، مہنگائی میں کمی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی ریلیف کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔








