"وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ تاریخی مندروں، گوردواروں اور مذہبی ورثے کے تحفظ، تزئین و آرائش کے ساتھ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی خدمت و مہمان نوازی کی ذمہ داری مؤثر انداز میں انجام دے رہا ہے۔”
متروکہ وقف املاک بورڈ مذہبی ورثے کے تحفظ اور یاتریوں کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، کھیئل داس

مزید خبریں
لاہور۔27جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس نے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ تاریخی مندروں، گوردواروں ، مذہبی ورثے کے تحفظ، تزئین و آرائش اور دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی خدمت و مہمان نوازی کی اہم ذمہ داری احسن انداز میں انجام دے رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے بعد اجلاس سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق بورڈ کو درپیش تمام انتظامی اور قانونی مسائل کے فوری حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ چیئرمین بورڈ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو درپیش انتظامی اور مالی معاملات سے وزیر مملکت کو تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی تشکیل نہ ہونے کے باعث محکمہ کے انتظامی امور موثر انداز میں انجام دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ ادارے کے اکاؤنٹس سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے دو ارب روپے ٹیکس کی کٹوتی کے باعث بورڈ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں محکمہ کی سالانہ آمدن بھی نمایاں طور پر متاثر ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کو ٹرسٹ ادارے کی حیثیت سے درپیش مسائل، بالخصوص ٹیکس کٹوتی اور دیگر انتظامی چیلنجز کے حل کرنے کے ساتھ ساتھ یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے موثر اور پائیدار حل کے ذریعے بورڈ کو مزید فعال، موثر اور مستحکم بنایا جائے گا تاکہ وہ اقلیتوں کی مذہبی، سماجی اور فلاحی خدمات مزید بہتر انداز میں انجام دے سکے۔سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ پشاور، گوردوارہ بھا ئی کرم سنگھ جہلم، گوردوارہ پنجہ صاحب اور باولی مندر نارووال کی تزئین و آرائش کے منصوبے جاری ہیں جبکہ سادھو بیلہ مندر سکھرکی تزئین و آرائش کے لیے جامع ماسٹر پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سیٹلائٹ امیجری، ای آفس، آن لائن بلنگ، جیو ٹیگنگ، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ای بلنگ اور سپارکو کے تعاون سے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ ناصر مشتاق نے مزید بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے قیمتی ٹرسٹ املاک کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے موثر کارروائیاں کی ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد قیمتی جائیدادیں ناجائز قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہیں۔قبل ازیں ہیڈ آفس آمد پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے وزیر مملکت کا استقبال کیا۔








