"ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق اجلاس میں حب پل پر روزانہ ہونے والے ٹریفک جام، شہریوں کو درپیش مشکلات اور ان کے مؤثر و دیرپا حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔”
ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت ضلع میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ضلع حب میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حب پل پر روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہونے والے ٹریفک جام، شہریوں کو درپیش مشکلات اور ان کے مؤثر و دیرپا حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے تمام فیصلے عوامی شکایات اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں تاکہ حب پل پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو غیر ضروری پریشانی سے نجات دلائی جا سکے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حب پل پر ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے ضلعی انتظامیہ نے معاملہ متعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا، جبکہ رینجرز حکام کے ساتھ متعدد اجلاس بھی منعقد کیے گئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کی جانب سے آنے والی ہیوی ٹریفک حب پل اور رینجرز چیک پوسٹ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے، جس کے نتیجے میں طویل دورانیے کا ٹریفک جام پیدا ہوتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اندر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی، جبکہ پولیس بھوانی کے مقام پر تمام بھاری گاڑیوں کو روک کر شہر میں داخل ہونے سے روکے گی۔ مزید برآں LIEDA اور شہر کی حدود میں داخل ہونے والی دیگر گاڑیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی، جبکہ سٹی پولیس اسٹیشن کے سامنے خصوصی چیکنگ اور ٹریفک کنٹرول کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیف کلیکٹر کسٹمز اسلام آباد کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کیا جائے گا، جس میں رینجرز چیک پوسٹ کے قریب مرکزی شاہراہ پر کھڑی کسٹمز کی ضبط شدہ (Seized/Case Property) گاڑیوں کو فوری طور پر وہاں سے منتقل کرنے کی درخواست کی جائے گی، کیونکہ یہ گاڑیاں بھی ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ حب پل پر ٹریفک جام کی ایک اہم وجہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مربوط اور مؤثر انداز میں فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ حب پل پر ٹریفک جام کے مسئلے کا دیرپا اور قابلِ عمل حل ممکن بنایا جا سکے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حب، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی حب، چیئرمین میونسپل کمیٹی حب، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حب، فرنٹیئر کور (ایف سی) کے نمائندے، محکمہ ایکسائز کے نمائندے اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی نے شرکت کی۔








