میئر کراچی کی زیر صدارت ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

"میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول امتِ مسلمہ کے لیے نہایت مقدس، بابرکت اور روحانی اہمیت کا حامل مہینہ ہے، جس میں حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔”

کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے انتہائی مقدس، بابرکت اور روحانی اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اسی مہینے میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺۖ اس دنیا میں تشریف لائے اور انسانیت کو گمراہی، جہالت اور تاریکی سے نکال کر قرآن مجید کی صورت میں رشد و ہدایت کا وہ ابدی پیغام عطا کیا جو قیامت تک انسانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

پیر کوجاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمی کراچی کے صدر دفتر میں واقع کونسل ہال میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے موقع پر شہری سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنانا صرف سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے اور کوشش کی جائے گی کہ بارہ ربیع الاول سے قبل شہری مسائل کو حل کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرلیا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو، واٹر کارپوریشن کے سی ای او احمد علی صدیقی، واٹر کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے اراکین، علما کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد بھی یہاں موجود تھی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺۖ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے، آپ ﷺۖ نے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺسے حقیقی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی عملی زندگی میں سنت نبوی ﷺ کی پیروی کریں اور اپنے کردار و عمل سے اس محبت کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے انتظامات ایک مقدس فریضہ ہیں، جنہیں علما کرام کی مشاورت اور تعاون سے مزید موثر اور منظم بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ کورنگی نمبر 5 پر تعمیر ہونے والے فلائی اوور کو 15 اگست کو کھول دیا جائے، بلدیہ عظمی کراچی نے 20 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کردیئے ہیں تاکہ تمام اضلاع میں فوری طور پر کام کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تاریخی ریگل چوک کا نام تبدیل کرکے ختمِ نبوت چوک رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر ختمِ نبوت چوک کی ازسرنو تعمیر، تزئین و آرائش، خوبصورتی، خصوصی روشنی اور اطراف کی صفائی کے جامع انتظامات کیے جائیں گے تاکہ یہ مقام مذہبی عقیدت، احترام اور شہر کی خوبصورتی کی بہترین علامت بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ علما کرام نے ختمِ نبوت چوک کی تعمیر و آرائش اور اس کی مذہبی و تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے شہر میں دینی شعائر کے احترام اور شہری ماحول کی بہتری کو فروغ ملے گا۔اجلاس کے دوران علما کرام اور جلوسوں کے منتظمین نے شہر میں درپیش مختلف بلدیاتی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے متعدد تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری، سڑکوں کی فوری مرمت، تجاوزات کے خاتمے، سیوریج لائنوں کی درستگی، جلوسوں کی سیکورٹی کے موثر انتظامات اور کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔