"راولپنڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی قیمتوں اور من مانے نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پرائس کنٹرول اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔”
راولپنڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ،ضلعی انتظامیہ کا منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 27 جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور من مانے نرخ وصول کیے جانے کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی کینٹ سعد الرحمٰن نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔انہوں نے ایک خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی مانیٹرنگ ٹیمیں تھوک اور پرچون مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرانے اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں تاکہ شہری مقررہ نرخوں سے آگاہ رہیں۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔دوسری جانب شہریوں نے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹوں میں من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عام آدمی کے لیے روزمرہ ضروریات کی خریداری دشوار ہو گئی ہے۔شہریوں کے مطابق ٹماٹر کی قیمت بعض علاقوں میں 500 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ آلو، پیاز اور موسمی پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی بڑھائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔








