آرٹس کونسل کراچی کے زیرِ اہتمام ممتاز سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیت قاضی فیض محمد کی خودنوشت” میرا سفر” کی تقریبِ رونمائی

کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام ممتاز سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیت قاضی فیض محمد کی خودنوشت "میرا سفر" کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس کی صدارت سینئر صحافی، کالم نگار اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی نے کی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، سینئر قانون …

کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام ممتاز سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیت قاضی فیض محمد کی خودنوشت "میرا سفر” کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس کی صدارت سینئر صحافی، کالم نگار اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی نے کی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، سینئر قانون دان ایڈووکیٹ اختر حسین، معروف صحافی مظہر عباس، ماہرِ تعلیم و محقق اکبر زیدی، دانشور ڈاکٹر امداد چانڈیو سمیت ملک بھر سے تعلق رکھنے والی ممتاز ادبی، صحافتی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف اسکالر ڈاکٹر جعفر احمد نے انجام دئیے۔ تقریب کا آغاز سندھ کے عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی وائی سے ہوا، جسے فقیر نظام علی، فقیر اسماعیل، فقیر علی مرتضی اور فقیر ایمان علی نے اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ صدرِ تقریب حسین نقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا سفر صرف ایک خودنوشت نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی ایک اہم تاریخی دستاویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی فیض محمد نے اپنی پوری زندگی اصولی سیاست، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ قاضی فیض محمد کی جدوجہد کو سمجھے بغیر سندھ کی سیاسی تاریخ کو مکمل طور پر نہیں سمجھا جا سکتا۔تقریب سے سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،معروف صحافی مظہر عباس ،سینئر قانون دان ایڈووکیٹ اختر حسین اوراکبر زیدی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر تھر کی معروف لوک گلوکارہ مائی ڈھائی نے اپنے منفرد انداز میں صوفیانہ اور روایتی لوک گیت پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔