نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی آئوٹ سورسنگ، لیسکو اور میپکو کی نجکاری سے متعلق اہم منظوریاں

نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی آئوٹ سورسنگ، لیسکو اور میپکو کی نجکاری سے متعلق اہم منظوریاں

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):نجکاری کمیشن بورڈ نے منگل کو وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں منعقدہ اپنے 257 ویں اجلاس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، کی آئوٹ سورسنگ اور اس کے ساتھ ساتھ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی نجکاری سے متعلق اہم منظوریاں دیں۔

ترجمان نجکاری کمیشن کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کے لیے ای وائے پارتھنون کی زیر قیادت قائم کنسورشیم کو ایک مسابقتی عمل کے نتیجے میں مالیاتی مشیر کے طور پر تقرری کے لیے موضوع ترین امیدوار قرار دینے کی منظوری دی۔ بورڈ نے کامیاب کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے (FASA) کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دی۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے لیسکو اور میپکو کی نجکاری کو ایک بڑی نجکاری کا درجہ دے دیا جس کے نتیجے میں قابل اطلاق نجکاری کمیشن کے ضوابط کے تحت مالیاتی مشیر کی تقرری اب لازم ہے۔ اس منظوری کے بعد نجکاری کمیشن ان دونوں کمپنیوں کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کا عمل شروع کرے گا۔ لیسکو اور میپکو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کی چوتھی کھیپ میں شامل ہیں جن کی نشاندہی حکومت کی جانب سے نجکاری کے لیے کی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے کے تین بیچز کی نجکاری کا عمل پہلے سے جاری ہے۔

بورڈ نے حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے، جاری پیشرفت کو تقویت دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ تمام تر نجکاری شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ طور پر منظم طریقے سے کی جائے جس میں حکومت اور پاکستان کے عوام کے سامنے جوابدہی کے ساتھ بہترین قدر کے حصول پر توجہ دی جائے۔