"ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو حکومتِ پاکستان کے ہیپاٹائٹس اسکریننگ نیٹ ورک میں شامل کرتے ہوئے باضابطہ اسکریننگ سائٹ فعال کر دی گئی ہے۔”
ڈاکٹراکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو حکومتِ پاکستان کے ہیپاٹائٹس اسکریننگ نیٹ ورک میں شامل کرتے ہوئے باضابطہ سکریننگ سائٹ فعال کردی گئی
اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):ڈاکٹراکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو حکومتِ پاکستان کے ہیپاٹائٹس اسکریننگ نیٹ ورک میں شامل کرتے ہوئے باضابطہ سکریننگ سائٹ فعال کردی گئی ہے۔
اسکریننگ سائٹ کا افتتاح وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس پاکستان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ نے کیا۔ یہ اقدام عالمی یومِ ہیپاٹائٹس 2026 کے موقع پروفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں وزارتِ صحت کی جانب سے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کا فوکل پوائنٹ مقرر کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ نے کہا کہ حکومت ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ بروقت تشخیص سے علاج جلد شروع اور سنگین پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی طبی صلاحیت، جدید سہولیات اور وسیع مریضوں تک رسائی قومی اسکریننگ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دے گی اور یہ سرکاری و نجی شعبے کے مؤثر اشتراک کی عملی مثال ہے۔جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر خان نیازی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ محض طبی اقدام نہیں بلکہ قومی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جب لاکھوں افراد ہیپاٹائٹس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہوں اور بیشتر کو اپنی بیماری کا علم نہ ہو تو اسکریننگ قومی پالیسی اور ایک فرد کی زندگی کے درمیان پل بن جاتی ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ بیماری کی پہلے تشخیص کریں، لوگوں کو بروقت علاج سے جوڑیں اور قابلِ تلافی تکلیف سے بچائیں۔ انہوں نے بیماری سےبچاؤ، بڑے پیمانے پر اسکریننگ اورابتدائی تشخیص پر حکومت کی توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس علم، تشخیصی سہولیات اور مؤثر علاج موجود ہیں۔ اب ضرورت لوگوں تک بروقت پہنچنے کی ہے۔ ہر بروقت تشخیص ایک زندگی، ایک خاندان اور ہمارے صحت کے نظام کو مستقبل کے بڑے بوجھ سے محفوظ بنا سکتی ہے۔سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کو صحت کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے یاسر خان نیازی نے کہا کہ صحت کے شعبے کا مستقبل الگ الگ نظاموں میں نہیں بلکہ باہمی اشتراک میں ہے،جب حکومتی قیادت کو ذمہ دار نجی اداروں کے انفراسٹرکچر، رسائی اور طبی صلاحیت کا ساتھ ملتا ہے تو ہم زیادہ تیزی سے اور زیادہ دور تک پہنچ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو اس قومی مشن کا حصہ بننے پر فخر ہے۔یہ اقدام اسلام آباد میں عالمی یومِ ہیپاٹائٹس 2026 کے موقع پر وزارتِ قومی صحت، خدمات، ضوابط و رابطہ کاری کے زیرِ اہتمام قومی سیمینار کے بعد سامنے آیاجس میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے افتتاحی خطاب کیاجبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں حکومتی حکام، عالمی ادارۂ صحت کے نمائندگان، طبی ماہرین اور پالیسی سازوں نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، اسکریننگ، تشخیص اورعلاج پر تبادلۂ خیال کیا۔سیمینار کے دوران ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ نےڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کووزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کا فوکل پوائنٹ مقرر کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کےاسٹریٹجک محلِ وقوع، جدید طبی سہولیات اوروسیع دائرۂ رسائی کو اہم قرار دیا، جو اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن، مری، گلیات، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے ملحقہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔اسکریننگ سائٹ کے فعال ہونے سے ڈاکٹر اکبرنیازی ٹیچنگ ہسپتال اپنی طبی صلاحیت اور وسیع رسائی کو بروئے کار لاتے ہوئے زیادہ افراد تک اسکریننگ، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت پہنچانے میں کردار ادا کرے گا اور 2030 تک پاکستان کو ہیپاٹائٹس سے پاک بنانے کے قومی ہدف کو آگے بڑھانے میں معاون ہوگا۔









