ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا انڈونیشیا میں زلزلہ سے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

"ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔”

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں آنے والے شدید زلزلہ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان ناقابلِ تلافی ہے اور اس سانحے پر پوری پاکستانی قوم انڈونیشیا کے غمزدہ عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ کھڑا ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور اخوت کے مضبوط رشتے قائم ہیں اور قدرتی آفت کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے برادر ملک کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا کی حکومت اور عوام اپنی مضبوط قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ اس مشکل صورتحال پر جلد قابو پالیں گے۔