"پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملک گیر اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 54 اضلاع کے 711 اسکولز نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔”
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملک گیر اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں اہم پیش رفت ، ملک بھر کے 54 اضلاع کے 711 اسکولز نے رجسٹریشن کرا لی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ملک گیر اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 54 اضلاع کے 711 اسکولز نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق اسکولوں کی رجسٹریشن کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کا مظہر ہے کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر ہاکی دوبارہ مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم تشکیل دیا جا رہا ہے، خصوصاً انڈر 15 اسکول ٹیموں کے ذریعے۔ ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق کراچی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 114، 114 اسکولز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ راولپنڈی سے 89، رحیم یار خان 68، جھنگ 53، ساہیوال 36، چنیوٹ 33 اور فیصل آباد سے 32 اسکولز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔دیگر اضلاع میں مانسہرہ 21، جہلم 20، چکوال 13، سوات 8، بہاولنگر 8، لاہور 7، نواب شاہ 7، مظفرگڑھ 6 اور بونیر کے 6 اسکولز شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی واضح نشاندہی کرتے ہیں کہ مختلف علاقوں میں اسکول ہاکی دوبارہ رفتار پکڑ رہی ہے، تاہم اضلاع کے درمیان رجسٹریشن کے نمایاں فرق سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ کم نمائندگی رکھنے والے علاقوں میں مزید گراس روٹ موبلائزیشن اور ترقیاتی اقدامات کی ضرورت ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق صرف سرفہرست 10 اضلاع میں رجسٹرڈ اسکولز کی تعداد مجموعی رجسٹریشن کا تقریباً 82 فیصد بنتی ہے، جبکہ بعض اضلاع میں صرف ایک یا دو اسکولز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ فیڈریشن ایسے کم نمائندگی والے اضلاع میں رجسٹریشن بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی، جبکہ ان علاقوں میں پروگرام کو مزید مستحکم کیا جائے گا جہاں ہاکی میں دلچسپی پہلے ہی نمایاں ہے۔ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ اسکولز کو پی ایچ ایف کے گراس روٹ ڈویلپمنٹ پاتھ وے سے منسلک کیا جائے گا۔ اس کا مقصد انڈر 15 بوائز اور گرلز ہاکی ٹیموں کا قیام، کھیلوں کا سامان فراہم کرنا، تربیت کے لیے منظم کوچنگ اور باقاعدہ مقابلوں کا انعقاد ہے۔ پی ایچ ایف اسکول ہاکی پروگرام کے لیے کوچز کی تربیت اور سرٹیفکیشن پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ شریک اسکولوں کو مستند اور تربیت یافتہ کوچنگ سہولیات میسر آ سکیں۔ اس اقدام کے ذریعے اسکول ہاکی سے ضلعی، صوبائی، جونیئر اور بالآخر قومی ٹیموں تک نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مستقل اور مضبوط راستہ قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ 711 اسکولز کی رجسٹریشن صرف آغاز ہے، طویل المدتی مقصد پورے ملک میں اسکول ہاکی کا وسیع نیٹ ورک قائم کرنا، شریک اسکولوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کرنا اور پاکستان کے ہر علاقے کے باصلاحیت بچوں کو ہاکی کھیلنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق، "ہمارا مقصد صرف اسکولوں کی رجسٹریشن نہیں بلکہ گراس روٹ سے ہاکی کلچر کی بحالی ہے۔ یہ 711 اسکولز ایک ایسے قومی راستے کا آغاز ہیں جس کے ذریعے بچے ہاکی میں داخل ہوں گے، انہیں معیاری کوچنگ ملے گی، وہ باقاعدگی سے مقابلوں میں حصہ لیں گے اور بالآخر پاکستان کی نمائندگی کے قابل بنیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن رجسٹریشن کے عمل کی ضلع وار مانیٹرنگ جاری رکھے گی اور بالخصوص ان اضلاع میں مزید اسکولز کو پروگرام کا حصہ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جہاں اس وقت رجسٹریشن کی شرح کم ہے۔








