راولپنڈی،عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں روح پرور محفل کا انعقاد

"راولپنڈی کی مرکزی جامع مسجد 22 نمبر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پروقار اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں علما کرام، نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔”

راولپنڈی۔16اگست (اے پی پی):راولپنڈی کی مرکزی جامع مسجد 22 نمبر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں علما کرام، نعت خواں حضرات اور عاشقان رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محفل میں ذکر مصطفیٰ ﷺ، نعت خوانی اور درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر رہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی، مسلمان اس خوشی کو محبت و عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔ مقررین نے سیرتِ طیبہ، ولادت باسعادت اور آپ ﷺ کے مقام رحمت للعالمین پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانیت، محبت، اخوت، امن، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں جبکہ میلاد مصطفیٰ ﷺ کی محافل کا مقصد محبت رسول ﷺ کو اجاگر کرنا اور سیرت طیبہ کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے جس پر شرکا نے درود و سلام کی صداؤں کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد، امن و خوشحالی اور محبت رسول ﷺ کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔