سپیکر قومی اسمبلی کی زیرِ صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس آج 4 بجے ہوگا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملکی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی غور و خوض کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس آج(پیر کو) دوپہر 4 بجے طلب کیا ہے

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملکی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی غور و خوض کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس آج(پیر کو) دوپہر 4 بجے طلب کیا ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اس مشاورتی اجلاس کا بنیادی مقصد قومی اسمبلی کے 29ویں اجلاس کے ایجنڈے اور پارلیمانی کارروائی سے متعلق دیگر اہم امور پر باہمی مشاورت کرنا ہے۔ آج سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جن اہم اور قومی نوعیت کے معاملات کو زیرِ بحث لایا جائے گا ان پر بھی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا تاکہ ایوان کی کارروائی کو موثر اور خوش اسلوبی سے چلایا جا سکے۔ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ تمام جماعتوں کی نمائندگی اور مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔