وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت وزارت کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سربراہان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کریں۔
وزیرِ داخلہ کی زیرِ صدارت اجلاس ، ذیلی اداروں سے دو سالہ ٹرانسفارمیشن پلان طلب

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت وزارت کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سربراہان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کریں۔ اجلاس میں وزیرِ مملکت طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کو باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے لہٰذا ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کریں۔ وزیرِ داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کو خودمختار اور بااختیار ہونا چاہیے، انہیں اپنے فیصلے خود کرنے ہوں گے اور ہر معاملہ وزارت کو بھیجنے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو قوانین میں ترامیم اور اصلاحات کی تجاویز فوری پیش کی جائیں۔عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی امور پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام اداروں کے سربراہان ڈیٹا اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم شدہ اداروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ وزیرِ داخلہ نے واضح کیا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات سمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا ہمارے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔اس موقع پر وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر تھا لیکن ہم نے اس سوچ کو بدلا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اداروں کو اب ٹارگٹ پر مبنی، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔ اجلاس کے دوران ذیلی اداروں کے سربراہان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ اجلاس میں آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل نے بھی شرکت کی







