آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) تیل کی سپلائی چین کے لیے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید ترقی دے رہی ہے، جس کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں سے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) نظام کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کا ڈیٹا براہ راست حاصل کیا جائے گا
اوگرا کا پٹرولیم ذخائر کا براہ راست ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام پر کام

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) تیل کی سپلائی چین کے لیے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید ترقی دے رہی ہے، جس کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں سے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) نظام کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کا ڈیٹا براہ راست حاصل کیا جائے گا، جبکہ آٹومیٹک ٹینک گیجنگ (اے ٹی جی) سینسرز کے ذریعے ذخائر کی صورتحال معلوم کی جائے گی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق اوگرا پاکستان کی تیل سپلائی چین کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور فراہمی سے متعلق اعداد و شمار کی درستگی، قابل اعتماد ہونے اور بروقت دستیابی کو بہتر بنایا جا سکے۔اوگرا تیل کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے پہلے ہی ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کر چکی ہے، جبکہ آئل پائپ لائنز کو ای آر پی نظام سے منسلک کرنے کا عمل جاری ہے جسے ستمبر 2026 کے اختتام تک مکمل کرنے کی توقع ہے۔منصوبے کے اہم اہداف میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کے ای آر پی نظام سے براہ راست ڈیٹا حاصل کرنا اور اے ٹی جی سینسرز کے ذریعے پٹرولیم ذخائر کی صورتحال معلوم کرنا شامل ہے۔نظام مکمل ہونے کے بعد اوگرا کو پروڈکٹ ریویو میٹنگز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی ضروریات کی منصوبہ بندی کے لیے زیادہ درست اور بروقت معلومات دستیاب ہوں گی، جبکہ بعد ازاں سپلائی چین کی نگرانی بھی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔اس وقت اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کے پاس پٹرولیم مصنوعات کے مجموعی ذخائر کی دستیابی کی نگرانی کرتی ہے، تاہم کسٹمز بانڈڈ ذخائر کی حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے اوگرا کے پاس مخصوص ای آر پی نظام موجود نہیں ہے۔دستاویز کے مطابق کسٹمز بانڈڈ ذخائر، بشمول ڈیوٹی ادا شدہ اور غیر ادا شدہ ذخائر کی حیثیت، اِن بانڈنگ، ایکس بانڈنگ اور بانڈڈ ذخائر کی جانچ اور مطابقت کا معاملہ کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کا یہ اقدام ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کو بھی پٹرولیم ذخائر سے متعلق زیادہ بروقت معلومات تک رسائی فراہم کرکے ان کے کام میں معاون ثابت ہوگا۔دستاویزات کے مطابق اوگرا پہلے ہی ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کو اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک رسائی فراہم کر چکی ہے۔ حقیقی وقت کے ڈیٹا تک رسائی سے ایف بی آر اور کسٹمز سرکاری اور نجی بانڈڈ سٹوریج تنصیبات میں موجود پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی زیادہ مؤثر انداز میں جانچ اور مطابقت کر سکیں گے۔دستاویز کے مطابق اس نظام سے شفافیت میں اضافہ، ریگولیٹری نگرانی میں بہتری اور سرکاری محصولات کے تحفظ میں مدد ملے گی، جبکہ پاکستان کسٹمز پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی زیادہ مؤثر نگرانی کر سکے گا۔








