وزیراعظم یوتھ پروگرام نے وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل کے چوتھے بیچ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل کے چوتھے بیچ کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام نے وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل کے چوتھے بیچ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب اہل نوجوان 31 اگست 2026ء تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ملک بھر اور بیرون ملک مقیم باصلاحیت، پرعزم اور باکردار پاکستانی نوجوانوں کو قومی سطح پر نوجوانوں کی نمائندگی، پالیسی سازی کے عمل میں شرکت اور ملکی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی دعوت دی جاتی ہے۔پیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل ،جسے وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری حاصل ہے، نوجوانوں سے متعلق امور پر وزیراعظم کی مشاورتی کونسل کے طور پر کام کرتی ہے۔ یہ کونسل نوجوان قیادت کو قومی پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان تعلیم، روزگار، سماجی شمولیت، ماحولیاتی تحفظ، ڈیجیٹل جدت اور دیگر اہم شعبوں میں اپنی تجاویز اور کردار کے ذریعے ملکی ترقی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
منتخب اراکین دو سالہ مدت کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قائم یوتھ ایڈوائزری بورڈ کا حصہ ہوں گے اور مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل اور قومی اقدامات میں معاونت کریں گے۔15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوان جن کا تعلق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک کے تمام علاقوں یا دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ہو، درخواست دینے کے اہل ہیں۔وزیراعظم یوتھ پروگرام ایک شفاف، میرٹ پر مبنی اور جامع انتخابی عمل کے ذریعے کونسل کے اراکین کا انتخاب کرے گا۔ اس عمل میں مرد، خواتین، خواجہ سرا ، خصوصی افراد، مذہبی اقلیتوں اور مختلف سماجی و معاشی پس منظر رکھنے والے نوجوانوں کی مساوی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پاکستان کے متنوع معاشرے کی حقیقی عکاسی ہو سکے۔منتخب اراکین نوجوانوں کے روزگار اور کاروباری مواقع، تعلیم و ہنرمندی، موسمیاتی تبدیلی، گرین اکانومی، ڈیجیٹل جدت، شہری شمولیت، سماجی بہبود، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، کھیلوں اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں پالیسی سازی اور قومی اقدامات میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل نوجوانوں کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے، حکومتی اداروں کے ساتھ براہ راست کام کرنے اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے قابل عمل پالیسی تجاویز پیش کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔اہل امیدوار ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پورٹل پر جائیں یا ڈیجیٹل یوتھ ہب (ڈی وائی ایچ) موبائل ایپ ڈائون لوڈ کریں۔ لاگ ان کرنے کے بعد آن لائن درخواست فارم مکمل کریں۔ درخواستیں جمع کرانے کی نئی آخری تاریخ 31 اگست 2026ء ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام تمام اہل نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ آخری تاریخ میں توسیع سے فائدہ اٹھائیں، نوجوانوں کی آواز بنیں، قومی پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک مضبوط، بااختیار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں شریک ہوں۔مزید معلومات اور درخواست جمع کرانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا وزٹ کریں یا ڈی وائی ایچ موبائل ایپ ڈائون لوڈ کریں۔








