شہید اے ایس آئی شہزاد احمد کی برسی، پولیس افسران کی اہلخانہ سے ملاقات، قبر پر حاضری

سیالکوٹ پولیس کے بہادر سپوت اے ایس آئی شہزاد احمد نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

سیالکوٹ۔ 17 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس کے بہادر سپوت اے ایس آئی شہزاد احمد نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق شہید اے ایس آئی شہزاد احمد سال 2023 میں جرائم پیشہ افراد کا مقابلہ کرتے ہوئے گولیوں کی زد میں آ کر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے شہید کے گھر کا دورہ کیا اور اہلخانہ سے ملاقات کی۔پولیس افسران نے شہید کی قبر پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پولیس افسران نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری پولیس فورس کے لیے مشعل راہ ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ پولیس کے شہداء ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کے اہلخانہ کی دیکھ بھال پولیس کی ذمہ داری ہے۔