چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیرِ مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے پیر کو ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور مذہبی صورتحال سمیت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی رواداری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر ملک میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے جو ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لئے بھی نہایت اہم ہے۔چیئرمین سینیٹ نے پیر محمد امین الحسنات شاہ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں اور عوامی فلاح و بہبود، مذہبی ہم آہنگی اور معاشرتی رواداری کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا، ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔پیر محمد امین الحسنات شاہ نے بھی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سیاسی، سماجی، جمہوری اور مذہبی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کے فروغ، آئینی بالادستی اور ملکی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن، استحکام، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔







