:کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا ،جس میں جشن عید میلاد النبیﷺ 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکھر ڈویژن میں فول پروف انتظامات، مذہبی ہم آہنگی، رواداری، اتحاد بین المسلمین ،امن و امان، بھائی چارے اور یگانگت کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے
کمشنر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، سکھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ منانے کی تیاری کا جائزہ لیا گیا
سکھر۔ 19 اگست (اے پی پی):کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا ،جس میں جشن عید میلاد النبیﷺ 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکھر ڈویژن میں فول پروف انتظامات، مذہبی ہم آہنگی، رواداری، اتحاد بین المسلمین ،امن و امان، بھائی چارے اور یگانگت کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب، گھوٹکی ، خیرپور اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسرن ، مذہبی رہنمائوں، تنظیموں کے عہدیداروں ، سٹیک ہولڈرز اور دیگرافسران و نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابدسلیم قریشی نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ 12 ربیع الاول منانے کے لیے انتظامی اور نجی سطح پر انتظامات کو فول پروف بنایا جائے گا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم سب کا فرض ہے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت ، اصولوں، شریعی احکام اور دین اسلام پر عمل درآمد کرتے ہوئے سماجی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے، اتحاد، رواداری، امن و امان اور اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھرپور طریقے سے منایا جائے ۔ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے خطاب میں کہا کہ جشن عیدمیلاالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے موقع پر تمام مکتبہ فکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہروں میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ مذہبی رہنمائوں، تنظیموں کے عہدیداروں ، اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے تجاویز، سفارشات پیش کی گئیں جبکہ ایجنڈا کے مطابق تمام کلیدی امور پر بحث اور گفتگو کی گئی۔









