ہاکی بحالی پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 21 اگست کو راولپنڈی ڈویژن سے کیا جائے گا،پی ایچ ایف

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)کے تعاون سے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے اشتراک سے گرائونڈز لیول پر ہاکی کی بحالی کے پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 21 اگست 2026 بروز جمعہ کو راولپنڈی ڈویژن سے کیا جائے گا

لاہور۔20اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)کے تعاون سے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے اشتراک سے گرائونڈز لیول پر ہاکی کی بحالی کے پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 21 اگست 2026 بروز جمعہ کو راولپنڈی ڈویژن سے کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں لانچنگ تقریب 21 اگست کو صبح 10 بجے راولپنڈی میں منعقد ہوگی، جس میں ڈویژن کے 100 سے زائد سکولوں میں انڈر 15 بوائز اور گرلز ہاکی ٹیموں کے قیام اور استحکام کے لیے ہاکی کا ضروری سامان اور کٹس تقسیم کی جائیں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق فراہم کیا جانے والا سامان سکولوں میں باقاعدہ تربیتی سرگرمیوں، مقابلوں میں شرکت اور کم عمر کھلاڑیوں کی بنیادی سطح پر صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کے متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد اٹھایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہاکی کو سکول کی سطح سے دوبارہ فروغ دینا اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کرنا ہے۔راولپنڈی سے پروگرام کا آغاز ملک گیر گرائونڈز لیول ہاکی بحالی پروگرام کی بنیاد بنے گا، جسے مرحلہ وار ملک کے دیگر ڈویژنز اور صوبوں تک وسعت دی جائے گی۔ پروگرام کے تحت سکولوں کو ہاکی کٹس اور ضروری کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کے ساتھ انڈر 15 سکول ہاکی ٹیمیں قائم اور مضبوط کی جائیں گی، جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کو ہاکی کھیلنے کے مزید مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔پروگرام میں گرائونڈز لیول پر کوچز کی تربیت اور سرٹیفکیشن، سکول کی سطح پر باقاعدہ ہاکی مقابلوں کا انعقاد اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرکے انہیں آگے لانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس کے ذریعے سکول ہاکی سے ضلعی، صوبائی اور قومی ٹیموں تک کھلاڑیوں کے لیے ایک منظم اور موثر راستہ تشکیل دیا جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کو سکولوں اور کمیونٹیز میں دوبارہ فعال بنانے کی قومی کوشش میں حکومت پنجاب اور دیگر صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کی بحالی کا سفر گراس روٹ سے شروع ہوتا ہے اور اس سفر کا آغاز راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے۔