واسا کا فیلڈ سٹاف ادارہ کا قیمتی اثاثہ ہے، سیشن کا بنیادی مقصد آپریشنل سٹاف کو ضروری آگاہی فراہم کرنا ہے، شرکاء کا واسا سیشن سے خطاب

واسا ایبٹ آباد کی جانب سے آپریشنل سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، آگاہی اور استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی تربیتی و کیپیسیٹی بلڈنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سینی ٹیشن، واٹر سپلائی اور ڈرائیونگ سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

ایبٹ آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):واسا ایبٹ آباد کی جانب سے آپریشنل سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، آگاہی اور استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی تربیتی و کیپیسیٹی بلڈنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سینی ٹیشن، واٹر سپلائی اور ڈرائیونگ سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

سیشن کے دوران شرکاء کو ٹریفک قوانین، ذہنی صحت، جسمانی صحت، پیشہ ورانہ احتیاطی تدابیر اور ادارہ کے قواعد و ضوابط کے حوالہ سے ماہرین نے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ ترجمان واسا ایبٹ آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا ایبٹ آباد ساجد خان جدون نے کہا کہ واسا کا فیلڈ سٹاف ادارہ کا قیمتی اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس سیشن کا بنیادی مقصد آپریشنل سٹاف کو ضروری معلومات اور آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی پیشہ ورانہ یادداشت کو بھی تازہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واسا کا ہر ملازم ادارہ کا نمائندہ ہے اور شہری واسا ایبٹ آباد کے بارے میں اپنی رائے فیلڈ سٹاف کے رویہ اور کارکردگی کو دیکھ کر قائم کرتے ہیں، اگر ملازمین یونیفارم میں ذمہ داری، خوش اخلاقی، محنت اور ایمانداری کے ساتھ فرائض انجام دیں گے تو اس سے ادارہ کی نیک نامی میں اضافہ ہو گا جبکہ کسی ایک اہلکار کی غلطی بھی ادارہ کے مجموعی تاثر کو متاثر کر سکتی ہے۔ ساجد خان جدون نے سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری، دیانت داری اور بہترین پیشہ ورانہ رویہ کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے سیشن میں شرکت کرنے والے مہمانوں، گیسٹ سپیکرز اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واسا مینجمنٹ کو اس اہم تربیتی پروگرام کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ذہنی صحت کے موضوع پر کلینیکل و ایجوکیشنل سائیکالوجسٹ طیبہ بی بی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے غصہ پر قابو پانے، شہریوں اور ساتھیوں کے ساتھ موثر انداز میں بات چیت کرنے اور کام کی نوعیت یا دوسروں کے رویوں کے باعث پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے مختلف طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ واسا ایبٹ آباد کا عملہ دن رات شہریوں کی خدمت میں مصروف رہتا ہے جس کے باعث ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا ایک عام مسئلہ ہو سکتا ہے تاہم اگر اس دباؤ کو بروقت کنٹرول نہ کیا جائے تو اس کے اثرات نہ صرف ملازم کی پیشہ ورانہ کارکردگی بلکہ اس کی خاندانی زندگی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ طیبہ بی بی نے شرکاء کو ذہنی دباؤ کم کرنے اور غصہ پر قابو پانے کیلئے مختلف عملی ایکسرسائزز بھی کروائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک وارڈن سجاد محمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیشن میں شرکت کی خصوصاً واسا کے ڈرائیونگ سٹاف کو ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالہ سے اہم ہدایات دیں۔ ٹریفک وارڈن ٹیم کے رکن عدنان خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا ایبٹ آباد کے پاس بڑی گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جن کے ذریعہ شہر کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھا کر سلہڈ منتقل کیا جاتا ہے، ان گاڑیوں کی معمولی سی لاپرواہی بھی شہر کی ٹریفک کو متاثر کر سکتی ہے۔

انہوں نے ڈرائیونگ سٹاف پر زور دیا کہ وہ دوران ڈیوٹی ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی اور انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں تاکہ واسا کے آپریشنز کے ساتھ ساتھ شہر کا ٹریفک نظام بھی متاثر نہ ہو۔ انفیکشیئس ڈیزیز سپیشلسٹ ڈاکٹر عمران فاروق نے واسا کے سینی ٹیشن سٹاف کو صفائی کے دوران صحت کے تحفظ اور حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے کام کے دوران مناسب حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں جلد، پھیپھڑوں اور خون سے متعلق مختلف امراض لاحق ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ ڈاکٹر عمران فاروق نے بتایا کہ واسا کا سینی ٹیشن سٹاف نالیوں کی صفائی سمیت مختلف حساس نوعیت کے کام انجام دیتا ہے جہاں انفیکٹڈ خون یا دیگر آلودہ مواد سے واسطہ پڑ سکتا ہے، ایسی صورتحال میں مناسب احتیاط نہ کرنے کی صورت میں ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی/ایڈز سمیت سنگین بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے سینی ٹیشن سٹاف پر زور دیا کہ دوران کام لازمی طور پر مناسب پروٹیکٹو گیئر خصوصاً دستانے اور ربڑ کے بوٹس استعمال کئے جائیں تاکہ وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

سیشن کے دوران منیجر ایچ آر، ایڈمن اینڈ پروکیورمنٹ عمر سواتی نے واسا ایبٹ آباد کے ادارہ جاتی رولز اینڈ ریگولیشنز کے حوالہ سے سٹاف کو آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام ملازمین ادارہ کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد افراسیاب زبیر ہنڈل نے واسا ایبٹ آباد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ واسا پورے شہر میں بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے اور وہ خود بھی ادارہ کی کارکردگی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے واسا مینجمنٹ کو سٹاف کی تربیت اور فلاح و بہبود کو اہمیت دینے اور اس مقصد کیلئے اہم تربیتی سیشن کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

افراسیاب زبیر ہنڈل نے کہا کہ واسا ایبٹ آباد کی بہترین کارکردگی کے باعث ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ادارہ کو مکمل تعاون حاصل ہے، ضلعی انتظامیہ اور واسا ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں جس کا مشترکہ مقصد ایبٹ آباد کے عوام کو بہتر سے بہتر شہری و میونسپل خدمات فراہم کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا ایبٹ آباد انجینئر ریحان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا کو اپنے آپریشنل سٹاف پر فخر ہے جو عیدین سمیت اہم مذہبی اور قومی مواقع پر اپنی ذاتی خوشیوں کو قربان کر کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فرائض انجام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا کا عملہ محرم الحرام، 12 ربیع الاول اور دیگر اہم مواقع پر بھی دن رات اپنی ذمہ داریاں نبھاتا ہے۔

انجینئر ریحان یوسف نے پروگرام کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گیسٹ سپیکرز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے واسا کے سٹاف کو اہم اور مفید تربیت فراہم کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام کے مثبت اثرات پورے ایبٹ آباد میں نمایاں ہوں گے۔ سی ای او واسا نے کہا کہ واسا ایبٹ آباد روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید اور موثر انداز میں کام کر رہا ہے جس کے باعث ادارہ نے قلیل مدت میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے میونسپل سروسز میں مزید بہتری لانے، شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کو بلا تعطل صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ تربیتی سیشن میں بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا کے ممبران، ریجنل میونسپل آفیسر محمد افضل، ایڈووکیٹ حنا اقبال خان، لیگل ایڈوائزر واسا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ فدا بہادر، سابق تحصیل ناظم ایبٹ آباد ایڈووکیٹ محمد اسحاق زکریا، سپیکرز کلب ایبٹ آباد کے رہنما و معروف موٹیویشنل سپیکر غفران مجید، چیئرمین سٹوڈنٹس امپاورمنٹ الائنس شہباز علی بمعہ ٹیم، پیراگان اوورسیز ایجوکیشن کی ایجوکیشنل کونسلر نفیسہ نازنین سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء اور مہمانوں نے واسا ایبٹ آباد کے آپریشنل سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔واسا ایبٹ آباد کی جانب سے پورے سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف ممبران میں تعریفی اسناد اور مہمانوں میں سوینئیرز تقسیم کی گئی۔ سیشن کا بنیادی مقصد واسا کے فیلڈ سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، صحت و حفاظت کے حوالہ سے آگاہی، ٹریفک قوانین کی پابندی، ذہنی دباؤ سے نمٹنے کی تربیت اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے ان کی استعدادِ کار کو مزید بہتر بنانا تھا۔

مزید خبریں