فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ملک کے 65فیصد نوجوان آئی ٹی کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں کلیدی کردار اد ا کر رہے ہیں ، فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری انہیں اس سلسلہ میں ضروری سہولیات مہیا کر رہا ہے
فیصل آباد چیمبر معیشت کی مضبوطی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو آئی ٹی کے حوالے سے ضروری سہولیات مہیا کر رہا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ملک کے 65فیصد نوجوان آئی ٹی کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں کلیدی کردار اد ا کر رہے ہیں ، فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری انہیں اس سلسلہ میں ضروری سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ای کامرس بارے مفت آگاہی سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملک کا تیسرا بڑا اور پریمیئر چیمبر ہے جبکہ 128ٹریڈز سے منسلک اِس کے 22ہزار ممبران ملکی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کا مینڈیٹ اپنے ممبران کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں اپنا بھر پور کردار اد اکیا جبکہ ای کامرس کی جامع ترقی کیلئے بھی رپورٹ تیار کر کے حکومت کو پیش کی گئی تاہم اب یہ چیمبر پورے شہر کی ایک کروڑ آبادی کی آواز بن چکا ہے۔ چیمبر کی کوششوں سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ یہاں سے حج پروازیں شروع کرانے کا کریڈٹ بھی فیصل آباد چیمبر کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے فیصل آباد کے شہریوں کیلئے میٹرو بس کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جبکہ 80فیصد سڑکوں کی بھی تزئین وآرائش کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے مطالبے پر پنڈی بھٹیاں۔ فیصل آباد موٹر وے کو بھی 4سے چھ لین کرنے کا کام شروع ہے جبکہ کینال روڈ سے براہ راست فیصل آباد چیمبر آنے کیلئے ریمپ کی سہولت بھی مہیا کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کا پہلا چیمبر ہوگا جہاں ایگزیم بینک قائم کیا گیا ہے جبکہ یہ بینک جمعرات سے آپریشنل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منگل سے فیصل آباد چیمبر میں پاسپورٹ کی تجدید کا کام بھی شروع کر دیا جائیگا جبکہ نئے پاسپورٹ بھی جلد یہاں سے ہی بننا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی میں برآمدات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے اور اس سلسلہ میں نوجوانوں کو تربیتی اور آگاہی سہولیات مہیاکی جا رہی ہیں۔ انہوں نے میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو کا ذکر کیا جہاں یونیورسٹیوں، نوجوان انٹر پرینوئرز اور نیشنل انکو بیشن سنٹرز کے طلبہ کو 45لاکھ روپے مالیت کے سٹال مفت مہیا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس سیشن کا مقصد بھی ای کامرس سے متعلقہ انٹر پرینوئرز اور نوجوان سٹارٹس اپ کو مفت ضروری سہولیات مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو چالیس ارب روپے کے تجارتی خسارے کا سامنا ہے جسے یہ نوجوان اپنی آئی ٹی مہارتوں کے ذریعے پورا کرنے کے علاوہ معیشت کو بھی مستحکم بنا سکتے ہیں۔








