لیسکو چیف کا قصور سب ڈویژن کا دورہ، دوران ڈیوٹی حملے میں زخمی میٹر ریڈر کی عیادت کی،ترجمان

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ فیلڈ سٹاف کی حفاظت کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ فیلڈ سٹاف کی حفاظت کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے قصور سرکل کا دورہ کیا اور دورانِ ڈیوٹی حملے میں شدید زخمی ہونے والے میٹر ریڈر محمد اشفاق سے ملاقات کی۔ترجمان لیسکوکے مطابق سٹی قصور ڈویژن کی سول ایریا سب ڈویژن کی چیکنگ ٹیم کے میٹر ریڈر محمد اشفاق کو رٹ پٹیشن کے سلسلے میں تھانہ صدر قصور میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ اس دوران تھانے کے باہر موجود بجلی چوری میں ملوث افراد نے ان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے ایس ای قصور احمد شہزاد چغتائی، ایکسین قصور سٹی عبداللہ شبیر اور ایس ڈی او سول ایریا نثار احمد کے ہمراہ زخمی اہلکار کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ سٹاف کمپنی کا قیمتی اثاثہ ہے۔ بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں کی محنت اور فرض شناسی قابلِ تحسین ہے، جبکہ ان کی حفاظت اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی لیسکو انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکونے متعلقہ افسران کو زخمی اہلکار کو ہر ممکن طبی معاونت فراہم کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا دبا برداشت نہیں کیا جائے گا۔