پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔
پی ٹی اے نے دوسری سہ ماہی 2026 کے کیو او ایس سروے کے نتائج جاری کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔ سروے میں بڑے شہروں، فوکسڈ اور دیہی علاقوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ سروے موبائل فون نیٹ ورک کیو او ایس ریگولیشنز 2021 کے تحت کئے گئےجن میں تمام موبائل فون آپریٹرز (سی ایم اوز) کی کوریج، موبائل براڈ بینڈ، وائس اور ایس ایم ایس سروسز کو مقررہ معیارات (کے پی آئیز) کے مطابق جانچا گیا۔پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں تفصیلی سروے کئے۔
11 بڑے شہروں میں تقریباً 27,300 وائس کالز اور ایس ایم ایس ٹیسٹس جبکہ 0.19 ملین موبائل براڈ بینڈ سیمپلز اکٹھے کئے گئے۔ فوکسڈ اور دیہی علاقوں میں تقریباً 3,300 وائس/ایس ایم ایس ٹیسٹس اور 24,000 براڈ بینڈ سیمپلز لئے گئے۔ اسی طرح آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چھ بلند پہاڑی مقامات پر تقریباً 4,100 وائس/ایس ایم ایس ٹیسٹس اور 3,960 براڈ بینڈ سیمپلز کا جائزہ لیا گیا۔سروے کے دوران دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل سہولیات کی دستیابی میں نمایاں فرق سامنے آیا اور بعض ایسے علاقوں کی نشاندہی بھی ہوئی جہاں تاحال موبائل فون کوریج دستیاب نہیں ہے۔ دور دراز علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی چوری اور توڑ پھوڑ، فائبر کٹس اور سکیورٹی کی صورتحال سروسز کی بہتری میں اہم رکاوٹیں ہیں۔دیہی علاقوں میں کئے گئے سروے کے دوران ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں خلاء سامنے آیا اور ایسے علاقوں کی نشاندہی ہوئی جہاں تاحال موبائل کوریج دستیاب نہیں ہے۔
دور دراز علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی چوری اور توڑ پھوڑ، فائبر کٹس، رائٹ آف وے سے متعلق مسائل اور سکیورٹی کی صورتحال ٹیلی کام سروسز کی توسیع اور بہتری میں اہم رکاوٹیں ہیں۔ غیر مستفید اور کم سہولیات والے علاقوں تک ٹیلی کام سروسز کی رسائی کے فروغ کے پیش نظر یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رائٹ آف وے کی منظوری کے عمل کو آسان بنانے اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کے لئے بلاتعطل تجارتی بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون بھی جاری ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق ملک بھر میں ایس ایم ایس اور وائس سروسز کے حوالے سے مقررہ معیار مجموعی طور پر بہتر پائے گئے، تاہم موبائل براڈ بینڈ کی کارکردگی میں بعض علاقوں میں فرق پایا گیا۔ مقررہ لائسنس یافتہ معیار کی خلاف ورزی پر متعلقہ آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہیں مقررہ معیارات کی تکمیل کے لئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔یہ سروے رپورٹس پی ٹی اے کی ویب سائٹ https://www.pta.gov.pk/category/qos-survey-959959384-2023-05-30 پر موجود ہے۔ رپورٹس کی اشاعت کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا، صارفین کو معلومات کی فراہمی اور موبائل آپریٹروں کو سروس کے معیار میں مسلسل بہتری کی جانب راغب کرنا ہے۔ پی ٹی اے صارفین کے مفادات کے تحفظ، ٹیلی کام سروسز کے معیار کی بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملک بھر میں صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لئے اپنے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








