پشاور میڈیکل کالج نے پی ایم ڈی سی کے جدید ترین معیارات پر 98 فیصد سکور حاصل کرلیا

پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے جدید ترین معیارات کے تحت حالیہ معائنے میں تقریباً 98 فیصد سکور حاصل کرکے ملک کےمیڈیکل کالجز میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے

پشاور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے جدید ترین معیارات کے تحت حالیہ معائنے میں تقریباً 98 فیصد سکور حاصل کرکے ملک کےمیڈیکل کالجز میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج (پی ڈی سی) میں کلینیکل اور بیسک میڈیکل سائنسز کے متعدد شعبوں میں ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس پوسٹ گریجویٹ تربیتی پروگرامز کی منظوری بھی دے دی ہے۔

پشاور میڈیکل کا لج تر جمان کے مطابق پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی یہ منظوری پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج کے لیے طبی اور دندان سازی کی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک اہم پیش رفت اور اداروں کے تعلیمی معیار پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اس منظوری کے بعد دونوں اداروں میں مختلف طبی، کلینیکل اور بیسک میڈیکل سائنسز کے شعبوں میں ڈاکٹروں کو اعلیٰ تخصصی تعلیم اور تربیت کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حالیہ معائنے میں پشاور میڈیکل کالج نے کونسل کے جدید ترین تعلیمی و تدریسی معیارات پر تقریباً 98 فیصد نمبر حاصل کیے، جو ادارے کے مضبوط علمی و تعلیمی ڈھانچے، تجربہ کار فیکلٹی، معیاری تدریسی نظام، کلینیکل تربیت اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے لیے دستیاب سہولیات کی عکاسی کرتا ہے۔

اس شاندار کارکردگی کے باعث کالج کو ملک کے اعلیٰ اسکور حاصل کرنے والے میڈیکل کالجز کی خصوصی کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے۔اداروں کی انتظامیہ کے مطابق پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی منظوری اور پی ایم ڈی سی کے معائنے میں 98 فیصد اسکور کا حصول پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج کی جانب سے معیارِ تعلیم، تحقیق، کلینیکل تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے جاری کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ان کامیابیوں سے خیبر پختونخوا میں اعلیٰ معیار کے ماہر طبی و دندان ساز ماہرین کی تیاری اور طبی شعبے کی افرادی قوت کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔دریں اثناء پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج کے ڈینز اور اعلیٰ انتظامی حکام نے سینئر فیکلٹی ممبران، پوسٹ گریجویٹ سپروائزرز اور تعلیمی و انتظامی ٹیموں کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے فیکلٹی اور متعلقہ ٹیموں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ عزم اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے مستقبل میں بھی طبی تعلیم، تحقیق اور کلینیکل تربیت کے معیار کو مزید بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔