ڈپٹی کمشنر قصور محمدآصف رضا کی ہدایت پر ایم ڈی واسا قصور عدنان گُل کی زیرصدارت ریونیو، واسا بلز ودیگر اہم معاملات سے متعلق اجلاس ہوا
قصور، بارش کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں، ایم ڈی واسا

مزید خبریں
قصور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور محمدآصف رضا کی ہدایت پر ایم ڈی واسا قصور عدنان گُل کی زیرصدارت ریونیو، واسا بلز ودیگر اہم معاملات سے متعلق اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ایس ڈی اوز عبدالرزاق، عمران بابر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نادرشیر ، محمد شہزاد چیمہ، ملک فیروز خان، محمد ریاض ، سب انجینئرز محمد مرسلین، خالد شاہ، علی مرتضیٰ، عمران زبیر، محمد الماس اور محمد سہیل، پی ایس او ٹو ایم ڈی واسا قصور حیدر علی ٹیپو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں افسران کی جانب سے ریونیو، بلنگ، بقایاجات کی ریکوری اور جاری ڈی سیلٹنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں واجب الادا بلز، ریکوری کی صورتحال، فیلڈ آپریشنز اور نکاسی آب کے انتظامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا قصور عدنان گل نے ہدایت کی کہ واسا صارفین سے واجب الادا بلز کی ریکوری کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے اور بقایاجات کی وصولی کے لیے فیلڈ ٹیموں کو مزید متحرک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلنگ کے نظام میں شفافیت، درستگی اور بروقت بلوں کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے جبکہ نادہندگان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایم ڈی واسا نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو مکمل فعال رکھا جائے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، سیوریج لائنوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور بارش کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں اور نالوں میں رکاوٹوں کی فوری نشاندہی کرکے صفائی یقینی بنائی جائے، شہری شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور فیلڈ افسران روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔ایم ڈی واسا عدنان گل نے واضح کیا کہ ریونیو میں بہتری، 100 فیصد بل ریکوری، موثر بلنگ اور شہریوں کو بہترین نکاسیٔ آب کی سہولیات کی فراہمی واسا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








