ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لئے انٹری ٹیسٹ کے سنٹرز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لئے انٹری ٹیسٹ سنٹرز کا دورہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لئے انٹری ٹیسٹ کے سنٹرز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔وہ ڈویژنل پبلک سکول اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس کے امتحانی مراکز گئے اور انتظامی و حفاظتی اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لئے ٹیسٹ20 ستمبر اتوار دونوں امتحانی مراکز میں منعقد ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی،میونسپل کارپوریشن،سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے دونوں امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لئے نشستوں، ٹینٹس، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، رہنمائی ڈیسک، پرنٹر، میڈیکل کیمپ، نادرا سہولت اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے امتحانی مراکز میں امیدواروں کی سہولت کے لئے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے اور والدین کے بیٹھنے کے لئے بھی مناسب جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عمل کو شفاف، پرامن اور نقل سے پاک رکھنے کے لئے تمام ضروری انتظامات اور وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو امتحان کے دوران پرسکون اور سازگار ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز پر امیدواروں اور والدین کی رہنمائی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جائے۔
تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنے فرائض مستعدی اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔








