ٹریفک ایجوکیشن ٹیمیں فیلڈ اور مختلف اداروں میں متحرک ہو کر شہریوں کوقوانین کی پابندی و روڈ ڈسپلن کا شعوردیں،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب
ٹریفک ایجوکیشن ٹیمیں فیلڈ اور مختلف اداروں میں متحرک ہو کر شہریوں کوقوانین کی پابندی و روڈ ڈسپلن کا شعوردیں،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک ایجوکیشن ٹیمیں فیلڈ اور مختلف اداروں میں متحرک ہو کر شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور روڈ ڈسپلن کا شعور اجاگر کریں۔ ترجمان کےمطابق ٹریفک افسران کےساتھ اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ لاری اڈوں، بس سٹینڈز اور کمرشل گاڑیوں کے اڈوں پر ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور محفوظ سفر کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے۔
لین لائن کی پابندی، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ شہریوں کو تیز رفتاری، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جائے۔محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک آگاہی مہم کے ذریعے سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جائے تاکہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنا معمول بنائیں اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک آگاہی مہم کا تسلسل مثبت اقدام ہے۔
شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تعلیم و شعور کے ذریعے ٹریفک حادثات میں کمی لانے اور محفوظ ٹریفک کلچر کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اپنائیں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔








