ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں بارڈر ملٹری پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افغان خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کر لی
ڈیرہ غازی خان راکھی گاج کے مقام پر بارڈر ملٹری پولیس کی کارروائی، دو افغان خواتین سمیت چار ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں بارڈر ملٹری پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افغان خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کر لی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ راکھی گاج میں منشیات اور فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس کے کمانڈنٹ کیپٹن (ر) حمزہ انجم، رسالدار تمن لغاری عبداللہ خان لغاری اور سرکل آفیسر لیاقت عباس لغاری کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو خواتین اور ایک مرد افغان شہری جبکہ چوتھا ملزم بلوچستان کا رہائشی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان بلوچستان سے پنجاب کے راستے خیبر پختونخوا کے علاقے چترال تک آئس اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے لیے افغان خواتین کو بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔اس موقع پر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس نے کہا کہ بروقت کارروائی کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد اور ان کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کامیاب کارروائی پر بارڈر ملٹری پولیس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







