پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں پر پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے عائد

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں پر پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے عائد

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں پر پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم مقررہ وقت میں دو اوورز مکمل نہ کر سکی، جس پر اس کے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی، جس کے باعث اس کے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ کیا گیا۔

ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن جیف کرو نے وقت کی رعایت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ٹیموں کے خلاف یہ سزائیں سنائیں۔ آئی سی سی کے ضابط اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر ہر اضافی اوور کی کمی کے بدلے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے قبول کر لیے، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ میچ میں آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے سلو اوور ریٹ کے الزامات عائد کیے تھے۔