انڈر 18 ایشیا کپ، بھارت نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
انڈر 18 ایشیا کپ، بھارت نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جاپان کے شہر کاکامی گاہارا میں جاری انڈر 18 ایشیا کپ 2026 کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔میچ کے آغاز میں بھارت نے پنالٹی اسٹروک پر برتری حاصل کی، جب تانی آشیش نے اپنی ٹیم کے لئے پہلا گول اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے عدیل نے شاندار گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔میچ کے 35ویں منٹ میں بھارت کے شاہ رخ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلائی، تاہم دو منٹ بعد پاکستان کے محمد فرحان نے گول اسکور کرکے مقابلہ دوبارہ 2-2 سے برابر کر دیا۔42ویں منٹ میں پاکستان کے عزیر احمد نے گول کرکے قومی ٹیم کو 2-3 کی برتری دلائی، تاہم اس کے بعد بھارتی کھلاڑی تانی آشیش نے مسلسل تین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی اور بھارت کو 3-5 سے فتح دلا کر فائنل میں پہنچا دیا۔
دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے جاپان میں منعقدہ انڈر 18 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور بھرپور مقابلے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں شکست کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور لگن سے ملک بھر کے ہاکی شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایونٹ سے صرف چند ہفتے قبل تشکیل دی گئی تھی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو تربیت اور باہمی ہم آہنگی کے لئے محدود وقت میسر آیا۔ مزید برآں، ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ کسی بڑے بین الاقوامی مقابلے میں شریک ہوئے تھے۔محی الدین احمد وانی نے کہا کہ ان مشکلات کے باوجود کھلاڑیوں نے میدان میں بہترین ہم آہنگی، عمدہ کھیل اور آخری لمحے تک بھرپور فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جو پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیم ہونے کے ناطے بعض غلطیاں فطری تھیں، تاہم یہی تجربات کھلاڑیوں کی ترقی کا ذریعہ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے پاس ہاکی کا باصلاحیت نیا ٹیلنٹ موجود ہے۔ پی ایچ ایف کے بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم اپنے ان ہیروز پر فخر کرتی ہے جنہوں نے سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے جذبے، ہمت اور وقار کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ بیان کے مطابق یہ سفر اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے اور قوم مستقبل میں مزید کامیابیوں کے حصول کے لئے کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔








