دورانِ ڈرائیونگ ایچ آئی ڈی اور غیر نمونہ لائٹس کا استعمال خلافِ قانون، ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم

سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے دورانِ ڈرائیونگ ایچ آئی ڈی اور غیر نمونہ لائٹس کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم جاری ہے

ملتان۔ 30 ستمبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے دورانِ ڈرائیونگ ایچ آئی ڈی اور غیر نمونہ لائٹس کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم جاری ہے، جس کے تحت شہریوں کو ایسی لائٹس کے نقصانات اور قانونی حیثیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی ٹیمیں شہر کے مختلف چوکوں اور شاہراہوں پر روڈ یوزرز کو آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ پمفلٹس بھی تقسیم کر رہی ہیں اور گاڑیوں کی لائٹس کی چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق غیر نمونہ اور تیز روشنی والی لائٹس سامنے سے آنے والے ڈرائیورز کی آنکھوں کو متاثر کرکے حادثات کا سبب بن سکتی ہیں اس لیے خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گاڑیوں کی اصل لائٹس اتار کر ایچ آئی ڈی یا غیر نمونہ لائٹس نصب نہ کریں اور مقررہ و معیاری لائٹس استعمال کریں۔

شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کرکے اپنی اور دوسروں کی جان محفوظ بنانے میں کردار ادا کریں۔