روسی سفیر کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ،روسی زبان کی تدریس و ترویج کے لئے کلاس رومز کا افتتاح

Punjab University

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):روسی سفیر البرٹ پی خوریو نے پنجاب یونیورسٹی میں روسی زبان کی تدریس و ترویج کے لئے تزئین نو شدہ کلاس رومز کا افتتاح کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے روسی سفیر کا استقبال کیا،روسی وفد میں رشین ہاوس پاکستان کے ہیڈ رسلان ایم پروخورو و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر پرنسپل اورینٹل کالج ڈاکٹر نبیلہ رحمان،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اینڈ لینگوئسٹکس ڈاکٹر حافظ مقیت،اسسٹنٹ پروفیسر رشین لینگوئج ڈاکٹر کترینہ اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ کلاس رومز کی تزئین و آرائش روسی حکومت کی فنڈنگ سے کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ پی خوریو نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کو فروغ دے رہا ہے اور پہلی دفعہ پاک روس تجارت1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے مابین بہت سے شعبوں میں ابھی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور پنجاب یونیورسٹی پاک روس تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور سرگودھا میں بھی رشین لینگوئج سنٹر کھولے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور روس کے ادب کے تقابلی جائزے کے فروغ میں تعاون کریں گے۔انہوں نے پاکستان اور روس کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے روسی زبان کو فروغ دینے میں پنجاب یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جامعات کے ساتھ تعلیمی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبا نے ماسکو میں پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں تعاون کریں گے۔